اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ الانبار میں ایک اعلی فوجی کمانڈر اسماعیل محلاوی نے کہا ہے کہ عراقی سیکورٹی فورس کے جوانوں نے شمالی رمادی میں جزیرہ " البونمر" کے علاقے "الزویہ الشرقیہ" کو کسی مزاحمت کے بغیر دہشت گردوں کے قبضے سے آزادا کرالیا۔ عراقی فوج کے جوان اب شمالی رمادی واقع ہیت سٹی کی جانب پیشقدمی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی نے شمالی صوبے صلاح الدین کے علاقے الصینیہ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا ہے۔ اس حملے میں درجنوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
عراقی فوج نے مشرقی صلاح الدین میں واقع علاس اور عجیل آئیل فیلڈ پر بھی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا ہے۔ داعش کے دہشت گردوں نے شرقاط کے علاقے " تلول باج " پر بھی حملے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں عراقی فوج کی سخت مزاحمت کا سامنا کرتے ہوئے پسپا ہونا پڑا۔
عراقی فوج نے دوہفتے قبل ، شرقاط کو داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرالیا تھا۔ ایک اور اطلاع کے مطابق،عراقی سیکورٹی فورس نے شمالی نینوا کے علاقے میں داعش کے کار بم تیار کرنے والے ایک بڑی کارخانے کو تباہ کردیا ہے۔
عراق کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ التاجی کے علاقے میں ہونے والے بم دھماکے میں دو عراقی شہری جاں بحق اور نو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس کا پہلا دستہ موصل کی آزادی کے آپریشن میں حصہ لینے کے لیے روانہ ہوگیا ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ موصل کی آزادی کا آپریشن محرم الحرام کے بعد شروع کردیا جائے گا۔ داعش نے دس جون دوہزار چودہ سے موصل پر قبضہ کر رکھا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169